معمولی رقم کے لیے کونسلر کے بھائی کا خاتون پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جون 2019
خاتون نے 23 ہزار روپے ادھار لیا تھا جو وقت پر چکا نہیں سکی تھی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

خاتون نے 23 ہزار روپے ادھار لیا تھا جو وقت پر چکا نہیں سکی تھی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

چندی گڑھ: بھارت میں 23 ہزار کی معمولی رقم کے تنازع پر کونسلر کے بھائی نے خاتون کو لاتوں، گھونسوں اور ڈنڈے سے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے مقامی کونسلر راکیش چوہدری کے بھائی نے ایک غریب خاتون کو محض 23 ہزار رقم کے تنازع پر زمین پر لیٹا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

کونسلر کے بھائی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ خاتون پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی، طاقت کے نشے میں چور ملزمان نہتی خاتون کی پیٹھ پر بیلٹ اور لاٹھی برساتے رہے۔

اس دوران خاتون کا پانچ سالہ بچہ اپنی ماں کو مار کھاتے دیکھتا روتا رہا اور رحم کی بھیک مانگتا رہا، خاتون کی ضعیف والدہ بیٹی کو بچانے کے لیے آئیں تو ملزمان نے انہیں بھی دھکے دیئے اور مغلظات بکیں۔

خاتون اور اہل خانہ سے بدسلوکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ریاست پنجاب کی انتظامیہ میں کھلبلی میں مچ گئی، پولیس جاگ اُٹھی اور ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ کونسلر کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔