الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کا منصوبہ تیار کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2013
ملک بھر کے 43 کنٹونمنٹس ایریاز میں ووٹرز کی کل تعداد 18 لاکھ 49 ہزار ہے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

ملک بھر کے 43 کنٹونمنٹس ایریاز میں ووٹرز کی کل تعداد 18 لاکھ 49 ہزار ہے، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے 43 کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کا منصوبہ تیار کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے منصوبے کے مطابق ملک بھر کے 43 کنٹونمنٹس ایریاز میں ووٹرز کی کل تعداد 18 لاکھ 49 ہزار ہے، یہ تمام ووٹر بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنا حق راہی دہی استعمال کریں گے، جبکہ 43 کنٹونمنٹس ایریا میں 1298 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے 22 کنٹونمنٹ بورڈز میں 139 نشستیں، سندھ کے 8 کنٹونمنٹ بورڈز میں 46، خیبرپختونخوا کے 9 کنٹونمنٹ بورڈز میں 28 اور بلوچستان کے 4 کنٹونمنٹ بورڈز میں 13 نشستیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران صوبوں کو 15 ستمبر یا اس کے چند روزبعد بلدیاتی الیکشن کرانے کی ہدایت کررکھی ہے، اس سلسلے میں سندھ اور پنجاب حکومتوں نے سپریم کورٹ سے بلدیاتی انتخابات کے لئے 6 ماہ کا وقت مانگا تھا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے اکتوبر میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی حامی بھر لی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔