بھارتی ریاست بہار میں سیلاب سے 160 افراد ہلاک، 55 لاکھ متاثر

ویب ڈیسک  منگل 3 ستمبر 2013
دریائے گنگا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث صوبہ بہار کے 20 اضلاع متاثر ہوئےہیں، فوٹو: رائٹرز

دریائے گنگا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث صوبہ بہار کے 20 اضلاع متاثر ہوئےہیں، فوٹو: رائٹرز

پٹنہ: بھارت کے شمالی صوبے بہار میں سیلاب نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 160 افراد ہلاک اور 55 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق دریائے گنگا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث صوبہ بہار کے 20 اضلاع متاثر ہوئے ہیں جب کہ 10 اضلاع میں سیلاب کے باعث نظام زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہوگیا، محکمہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو امدادی سامان کی فراہمی اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں صوبائی دارالحکومت پٹنہ، بھاگل پور، بھوج پور، بکسر، ویشالی، سارن، کٹیہار، بیگو سرائے اور دیگر اضلاع شامل ہیں، ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام کے مطابق اب تک سیلاب سے متاثر علاقوں میں 50 ہزار 550 پولی تھیلین شیٹس تقسیم کی گئی ہیں جب کہ متاثر افراد میں 1500 روپے فی خاندان کے حساب سے 24 کروڑ 32 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2007 میں صوبہ بہار میں آنے والے سیلاب میں تقریباً ایک کڑور افراد متاثر ہوئے تھے، حکام کی جانب سے اس سیلاب کو گزشتہ 50 سالوں کے دوران  آنے والے سیلابوں سے بدترین قرار دیا گیا تھا جب کہ 2008 میں ریاست کی کوسی ندی میں پانی سطح بلند ہونے سے آنے والے سیلاب میں 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔