پاکستان سے میچ، ہربھجن سنگھ ہم وطن پلیئرز کو ڈرانے لگے

اے ایف پی  اتوار 16 جون 2019
گرین شرٹس کیخلاف میچ سے قبل بھارتی کرکٹرز سکون کی نیند نہیں سوپاتے، سابق اسپنر۔ فوٹو فائل

گرین شرٹس کیخلاف میچ سے قبل بھارتی کرکٹرز سکون کی نیند نہیں سوپاتے، سابق اسپنر۔ فوٹو فائل

لندن: ہربھجن سنگھ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل اپنے ہی ساتھیوں کھلاڑیوں کوڈرانے لگے۔

بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں دوسرے مقابلوں کی بانسبت پریشر تھوڑا زیادہ ہوتا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی میچ سے قبل اطمینان سے نہیں سوسکیں گے، پاکستانی ٹیم سے مقابلے سے قبل کی رات میرے لیے بھی دباؤ سے بھرپور اور میں خود بھی نہیں سوپاتا تھا، میں صرف یہی سوچتا رہتا تھا کہ اگر ہم میچ ہار گئے تو کیا ہوگا، لوگ بہت زیادہ غصہ ہوں گے، وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2003 کے ورلڈ کپ میں ہم آسٹریلیا سے اچھا نہیں کھیل پائے تھے تو لوگ بھڑک اٹھے تھے، انھوں نے ہماری چیزیں جلادی تھیں، ہمارے گھروں پر پتھر پھینکے گئے تھے، وہ کافی جذبات ہوجاتے ہیں۔

ہربھجن سنگھ کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل میں سو نہیں سکا تھا جبکہ اگلے دن کامیابی کے بعد بھی مجھے نیند نہیں آئی تھی کیونکہ میں فتح پر بہت زیادہ خوش تھا، پاکستان سے میچز میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب توہم پرست بھارتی شائقین نے بھی اپنی ٹیم کی کامیابی کیلیے ٹوٹکے شروع کردیے ہیں، ہتین پٹیل کا کہنا ہے کہ میں اپنے برادر نسبتی کے ہمراہ نیوجرسی سے یہ میچ دیکھنے کیلیے آیا ہوں، یہ ہمارے لیے چھٹی منانا نہیں بلکہ عبادت کا مقام ہے، میں اور میرے برادرنسبتی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاک بھارت میچ تک ہم کوئی بھی نان ویجی ٹیرین کھانا نہیں کھائیں گے، ہمیں یقین ہے کہ ہمارا یہ ٹوٹکا کام کرے گا۔

ایک اور شائق پیرسی لکڑواڑا کہتے ہیں کہ جب بھی میں نے اسٹیڈیم میں پہلے سیدھا پاؤں رکھ کر داخل ہوتا ہوں ہماری ٹیم نہیں ہارتی، میں اس بار بھی پہلے سیدھا پاؤں رکھوں گا اور مجھے یقین ہے کہ ہماری ٹیم اس بار بھی جیت جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔