ناتجربہ کاری اور پیسے کا لالچ؛ ڈاکٹر نے 6 سالہ بچے کا پاؤں کاٹ دیا

نامہ نگار  اتوار 16 جون 2019
صورتحال قابو سے باہر ہونے پر بچے کو حیدرآباد لے جانے کا مشورہ دیدیا، پولیس کا چھاپہ، ڈاکٹر فرار، دو ڈسپنسر گرفتار کر لیے گئے۔ فوٹو: فائل

صورتحال قابو سے باہر ہونے پر بچے کو حیدرآباد لے جانے کا مشورہ دیدیا، پولیس کا چھاپہ، ڈاکٹر فرار، دو ڈسپنسر گرفتار کر لیے گئے۔ فوٹو: فائل

نوکوٹ: ناتجربہ کاری اور پیسے کا لالچ، ڈاکٹر نے 6سالہ بچے کا پیرکاٹ دیا۔

ضلع تھر پارکر کے گاؤں کپوسر کے رہائشی لاکھو بھیل اور چتوں بھیل نے نوکوٹ میں صحافیوں کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے 6 سالہ بھتیجے دودو ولدکرنو بھیل کے پاؤں میں گزشتہ روز گھر کے باہر کھیلتے ہوئے سوئی چبھ گئی تھی۔ بچے کی چیخ و پکار پر اسے نوکوٹ کے سنتورو بازار میں واقع کلینک لے گئے جہاں ڈاکٹر کلومل نے پیر میں چبھی سوئی نکالنے کے لیے آپریشن کا کہا اوربھاری فیس دینے کے بعد ڈاکٹر نے بچے کا آپریشن کرتے ہوئے پیرکا زیادہ تر حصہ کاٹ دیا۔

بعد ازاں کہا کہ بچے کو حیدرآباد لے جاؤ۔ وہاں بہتر علاج ہو سکے گا۔ انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کلومل نے ظلم کی انتہا کر دی۔ بھاری رقم کے لالچ میں بچے کو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیا ہے۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر وجوٹو پولیس مذکورہ ڈاکٹر کے کلینک پہنچی مگر ڈاکٹر فرار ہو چکاتھا تاہم پولیس نے کلینک کے ڈسپنسر کیلاش کچھی اور سلیمان چانڈیو کوگرفتار کر لیا جبکہ کلینک کو بھی پولیس نے تالا لگا دیا۔

ڈاکٹر کلو مل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اسے چھوٹے آپریشن کرنے کا اختیار ہے اور اس میں اس کی کوئی غلطی نہیں۔ وہ اس سے قبل بھی چھوٹے آپریشن کرتا رہا ہے ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔