پاکستان ڈیفالٹ سے بچنے کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایک ارب ڈالر کا ہنگامی قرضہ لے گا

شہباز رانا  اتوار 16 جون 2019
ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک نے 2017 میں پاکستان کی خراب میکرو اکنامک صورتحال دیکھ کر اس کی بجٹ ری سپورٹ بند کردی تھی۔ فوٹو: فائل

ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک نے 2017 میں پاکستان کی خراب میکرو اکنامک صورتحال دیکھ کر اس کی بجٹ ری سپورٹ بند کردی تھی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران اس کے ذمہ 10.4 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی اورڈیفالٹ سے بچنے کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک ارب ڈالرکا ہنگامی قرضہ (کرائسس ریسپانس لون) مانگ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی بینک کی پرنسپل پبلک مینجمنٹ سپیشلسٹ ہیرانیامخوپادھیائے نے پاکستان کا دورہ مکمل کرلیا ہے جس میں ایک ارب ڈالر کے قرضے کی تفصیلات طے کی گئیں۔’’سپیشل پالیسی بیسڈ لینڈنگ ‘‘(SPBL)کے تحت قرضہ پانچ سے آٹھ سال کیلیے تقریباً 2 فیصد شرح سود پر دیا جاتاہے۔

پاکستان کیلئے اس قرضے کی منظوری ایشیائی بینک کا بورڈ آف ڈائریکٹرز دے گا۔اس قرضے کی منظوری کا انحصار اس بات پر ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے طے پانے والے 6 ارب ڈالر قرضہ کی میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسز کی تفصیلات کتنے عرصے میں ایشیائی بینک کے ساتھ شیئر کرتا ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف میں چھ ارب ڈالر قرضہ کا معاہدہ گیارہ مئی کوسٹاف لیول سطح کے مذاکرات میں ہوا تھا۔

ماضی کے برعکس ان مذاکرات میں ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بطور مبصر شرکت نہیں کی تھی۔لہذا پاکستان نے ابھی تک ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے ساتھ اس معاہدے کی میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسز کی تفصیلات شیئر نہیں کیں جو ایشیائی بینک کی طرف سے بجٹ خسارے اور بیرونی ادائیگیوں کیلیے ہنگامی قرضہ کی جلد منظوری میں آڑے آسکتی ہیں۔

آئی ایم ایف کے بورڈآف ڈائریکٹرز میں پاکستان کیلیے چھ ارب ڈالر قرضہ کا کیس تین جولائی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔اس کے بعد میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسز کی تفصیلات قرضہ دینے والے دیگر اداروں کے ساتھ شیئرکی جاسکتی ہیں۔

اس بات کا امکان ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ آف ڈائریکٹرز اکتوبرکے آخری یا نومبر کے پہلے ہفتہ میں پاکستان کیلئے اس ہنگامی قرضے کی منظوری دیگا۔

ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2017ء میں پاکستان کی خراب میکرواکنامک صورتحال دیکھ کر اس کی بجٹری سپورٹ بند کردی تھی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی طرف سے اس سال اگست میں پاکستان کیلئے بجٹری سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والے 80 کروڑ ڈالرز میں سے 50 کروڑ ڈالر قرضہ کی منظوری کاامکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔