پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 221 رنز سے جیت لیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 ستمبر 2013

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ہرارے: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے  دو ٹیسٹ میچز کی سیریر کے  پہلے میچ میں پاکستانی شاہینوں نے مہمان ٹیم کو 221  رنز سے شکست دے دی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز زمبابوے نے اپنی ادھوری دوسری اننگز کا آغاز 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 1 کھلاڑی کے نقصان پر 13 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسری بیٹنگ کے دوران بھی زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز کی طرح کوئی خاطر خوا کارکردگی نہ دکھاسکی اور بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ زمبابوے کے ایلٹن چوگمبرا 28 اور سکندر رضا 24 رنز بنا کر نمایاں رہے ان کے علاوہ تمام بلے باز مہمان ٹیم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

اس سے قبل تیسرے روز شروع ہونے والی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم یونس خان کی جارحانہ ڈبل سینجری کی بدولت میزبان ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی اور چوتھے روز پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 419 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اننگ کے دوران مصباح الحق نے 200، عدنان اکمل 64، مصباح الحق 52 رنر بنائے جب کہ سعید اجمل نے میچ کے دوران شاندار بالنگ کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح  رہے کہ پاکستانی شاہین پہلی اننگز میں کمزور حریف کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، پہلی اننگز میں اظہر علی نے 79 اور کپتان مصباح الحق نے 53 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 249 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ سعید اجمل نے بھی بیٹسمینوں کا کام اپنے ذمے لیتے ہوئے 49 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔