کینیا میں پولیس گاڑی پر حملے میں 8 پولیس افسران ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 16 جون 2019
دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

نیروبی: کینیا میں پولیس قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 افسران ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا میں صومالیہ کی سرحد کے نزدیک گشت پر مامور پولیس گاڑی کے نزدیک اچانک زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 پولیس افسران ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُس وقت کیا گیا جب پولیس افسران کی گاڑی سرحدی امور کی نگرانی کے لیے اس جگہ سے گزر رہی تھی۔ زخمیوں کو ملٹری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

تاحال کسی گروپ نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں شدت پسند جماعت الشباب کافی متحرک ہے اور گزشتہ چند دنوں سے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

پولیس نے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور تلاشی کا عمل جاری ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔