بھارت کیخلاف میچ میں وزیراعظم قومی ٹیم کو ریلو کٹا کہہ رہے ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  اتوار 16 جون 2019
عمران صاحب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک ایک کھلاڑی قوم کا فخر ہے انشااللہ جیت پاکستان ٹیم کی ہو گی ، ترجمان ن لیگ، فوٹو: فائل

عمران صاحب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک ایک کھلاڑی قوم کا فخر ہے انشااللہ جیت پاکستان ٹیم کی ہو گی ، ترجمان ن لیگ، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف میچ پر پوری قوم اپنی ٹیم کو دعائیں دے رہی ہےلیکن نالائق اعظم ریلو کٹا کہہ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے قومی کرکٹ ٹیم کو ریلو کٹا کہنے کے وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ردِ عمل  میں کہا ہے کہ عمران صاحب اہم ترین میچ میں اترنے والی اپنی ٹیم کے حوصلے بڑھانے جائے جاتے حوصلہ شکنی نہیں کی جاتی ہے، عمران صاحب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک ایک کھلاڑی قوم کا فخر ہے اور انشااللہ جیت پاکستان ٹیم کی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز بھارت سے جیت کے لیے ریلوکٹوں پر انحصار نہ کریں، وزیراعظم کا مشورہ

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کو کتنی دفعہ مفت مشورہ دیا ہے کہ آپ چُپ رہا کریں اور سب سے پہلے عمران صاحب کے دماغی معائنے کا کمیشن بنانے کو ترجیح دی جائے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا کہ سرفراز احمد کو بھارت سے جیت کے لیے ریلوکٹوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔