امریکا اور بھارت کی تجارتی جنگ شدت اختیار کرگئی

ویب ڈیسک  اتوار 16 جون 2019
امریکا کی جانب سے بھارت کا تجارتی استثنیٰ ختم کرنے پر برہم بھارت نے ٹیکس لگا کر بدلہ چکا دیا (فوٹو : فائل)

امریکا کی جانب سے بھارت کا تجارتی استثنیٰ ختم کرنے پر برہم بھارت نے ٹیکس لگا کر بدلہ چکا دیا (فوٹو : فائل)

نئی دلی: ٹرمپ کی جانب سے بھارت کو حاصل تجارتی استثنیٰ ختم کرنے پر تناؤ کے شکار بھارت نے جواباً 28 امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے امریکا کے بادام، اخروٹ اور سیب سمیت 28 درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس کی شرح پر اضافہ کردیا، بھارت کیلی فورنیا کے بادام اور واشنگٹن کے سیبوں کی دنیا بھر میں دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔

اس حوالے سے بھارتی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں امریکا سے درآمد ہونے والی 28 اشیاء پر ڈیوٹی ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، پہلی فہرست میں 29 اشیاء تھیں تاہم بعد میں کیکڑے کی ایک قسم کو اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔

یہ پڑھیں : امریکا کی بھارت کو ہری جھنڈی، ترجیحی تجارتی ملک کا درجہ ختم کردیا

بھارت نے 28 امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات صدر ٹرمپ کی جانب سے بھارت کو حاصل خصوصی تجارتی مراعات کی حیثیت ختم کرنے کے ردعمل میں کیے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم جون کو امریکا نے بھارت کو حاصل خصوصی تجارتی حیثیت کو ختم کردیا تھا جس پر بھارت نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس بھی اسی تناظر میں عائد کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔