بھارتی کرنسی اورحصص مارکیٹ معاشی بگاڑکی زدمیں

اے ایف پی  بدھ 4 ستمبر 2013
آئندہ 6 ماہ میں بھارتی روپے کی قدر مزید گرے گی اور ڈالر 72 روپے کا ہوجائے گا۔ فوٹو : اے ایف پی

آئندہ 6 ماہ میں بھارتی روپے کی قدر مزید گرے گی اور ڈالر 72 روپے کا ہوجائے گا۔ فوٹو : اے ایف پی

ممبئ:  بھارت میں معاشی حالات روز بروز بگڑتے جا رہے ہیں اور حکومت کی ہرممکن کوشش کے باوجود بھارتی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ نہیں رک رہا۔

اس ابترمعاشی صورتحال کی عکاسی بھارتی حصص مارکیٹس سے بھی عیاں ہے جو وسیع پیمانے پر فروخت کے نتیجے میں منگل کو 3.5 فیصد گرگئی۔ ایشیا میں سب سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بھارتی کرنسی کی امریکی ڈالر کے مقابل قدر منگل کو مزید 3.25فیصد کی نمایاں کمی سے 68.15 کی سطح پر آگئی جبہ بمبئی حصص مارکیٹ میں بنچ مارک انڈیکس 651 پوائنٹس یا 3.45 فیصد کمی سے 18234.66 پوائنٹس پر آگیا۔

دوسری طرف گلوبل انویسٹمنٹ فرم گولڈمین سکس نے بھارتی معاشی نمو کے تخمینے پر نظرثانی کردی۔ اپنے کلائنٹس کو دیے گئے نوٹ میں فرم نے کہاکہ رواں مالی سال بھارت کی معاشی نمو 6 فیصد کے بجائے 4 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئندہ 6 ماہ میں بھارتی روپے کی قدر مزید گرے گی اور ڈالر 72 روپے کا ہوجائے گا جبکہ آئندہ 12ماہ کے دوران روپے کی قدر معمولی ریکوری سے ڈالر کے مقابل 70 کی سطح پر رہنے کی امید ہے۔ گولڈمین سکس کے مطابق اگر معاشی نمو میں کمزوری کے نتیجے میں کارپوریٹ اور بینکاری شعبوں پر دبائو آیا تو معاشی نمو اور روپے کی قدر مذکور تخمینوں سے بھی نیچے آ سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔