کراچی میں گرمی کی شدید لہر میں کمی

اسٹاف رپورٹر  پير 17 جون 2019
اتوارکوشہر کا درجہ حرارت کئی ڈگری کم ہونے کے باعث 35.7 ریکارڈکیاگیا

اتوارکوشہر کا درجہ حرارت کئی ڈگری کم ہونے کے باعث 35.7 ریکارڈکیاگیا

کراچی:  3 روز سے جاری ہیٹ ویو(گرمی کی شدید لہر)میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی۔

اتوار کوشہر کا درجہ حرارت کئی ڈگری کمی سے7۔35 ریکارڈ کیاگیا، پارہ کم ہونے سے ہیٹ انڈیکس بھی گرگیا،آج (پیر)کی شام تک سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے،ساحلی مقامات پر لہروں کی بلندی میں اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ جنوب مغربی ہوائیں چلنے کی وجہ سے مطلع جزوی ابر آلود جبکہ چند علاقوں میں بونداباندی ہوئی ،محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کراچی کے زیریں مقام اور مذید قریب ہونے کے باعث آج(پیر)کو درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے،آج شہر کا پارہ 36سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کی جبکہ منگل سے موسم متوازن ہونے کی توقع ہے،چیف میٹرلوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق اتوار کو سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب میں تھا۔

تاہم آج طوفان اپنا رخ دوبارہ سے تبدیل کرسکتا ہے جس کے بعد آج رات گئے وائیو کا بھارتی گجرات کے ساحلی سے ٹکرانے کا امکان ہے،اتوارکو جاری کردہ ایڈوائزری میں سمندری لہریں بلند ہونے وجہ سے مچھیروں کو کھلے سمندرمیں مچھلی کے شکارپر جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔