محکمہ صحت کی غفلت، اتائی شہریوں کی جانوں سے کھیلنے لگے

نامہ نگار  بدھ 4 ستمبر 2013
 نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی تعاون کی طلبگار، دیہاتی مریض خاص نشانہ

نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی تعاون کی طلبگار، دیہاتی مریض خاص نشانہ

ٹنڈو الٰہیار:  محکمہ صحت کی غفلت کے باعث اتائی لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، ٹنڈو الہ یار، چمبڑ اور جھنڈو مری تعلقوں میں اتائیوں کا کاروبار تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

نیشنل اور ملٹی نیشنل ادویہ کے نمائندے بھی ان کے تعاون کے طلبگار نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹنڈو الہ یار میں اتائیوں کا کاروبار تیزی سے فروغ پارہا ہے اور اتائی سیکڑوں سے تجاوز کرکے ہزاروں تک جاپہنچے ہیں لیکن محکمہ صحت ٹنڈو الہ یار نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں، ضلع کے دیہی علاقوں میں اتائیوں کا راج ہے، مذکورہ تعلقوںمیں قدم قدم پر اتائیوں کے کلینک واقع ہیں جہاں دیہی علاقوں سے کسی بھی مرض میں مبتلا دیہاتی پہنچتے ہیں اور ان کے تجربات کا شکار ہوتے ہیں۔

اتائیوں کی جانب سے مریضوں کو اکثرو بیشتر غلط دوائیں دیے جانے یا غلط انجکشن لگائے جانے سے اموات عام ہیں، محکمہ صحت کے افسر ان و عملے نے کبھی ان دیہات میں جاکر اتائیوں کے کلینک کادورہ کیا اور نہ ہی یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کھلے عام چلنے والے اتائیوں کے ان کلینکس پر کس طرح لوگوں کو موت بانٹی جارہی ہے، جھنڈومری اور چمبڑ کے تعلقوںمیں بھی دیہی علاقوں سے آنے والے مریض اتائی ڈاکٹروں کا نشانہ بنتے ہیں، معمولی مرض میں مبتلا دیہاتیوں کو توانائی کے انجکشن ڈرپ میں ڈال کر ان کولوٹا جارہا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔