مریم نواز کو پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر ن لیگ سے جواب طلب

ویب ڈیسک  پير 17 جون 2019
الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر ن لیگ سے جواب طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مریم نواز کو ن لیگ کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست کی سماعت کی۔ ن لیگ کی جانب سے جہانگیر جدون اور مریم نواز کی جانب سے بیرسڑ ظفر اللہ پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی نمائندگی حسن مان نے کی۔

ن لیگ اور مریم نواز کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کاپی طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تاحال پٹیشن کی کاپی نہیں ملی ہے، جب کاپی ملے گی تو جواب جمع کرائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ن لیگ سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا اور سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔