جراثیم کش ادویہ اسپرے مہم کیلیے36گاڑیاں بلدیہ عظمیٰ کے حوالے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 4 ستمبر 2013
 صوبائی وزیر بلدیات وصحت سید اویس مظفر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے ایم سی کو 36 گاڑیوں کی حوالگی کے موقع پر فیتہ کاٹ رہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

صوبائی وزیر بلدیات وصحت سید اویس مظفر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے ایم سی کو 36 گاڑیوں کی حوالگی کے موقع پر فیتہ کاٹ رہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

کراچی:  صوبائی وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ ڈنگی وائرس کے خاتمے کے لیے اسپرے کا کام مسلسل جا ری رہے گا ۔

جس کے لیے ایک کروڑ 96 لاکھ روپے سے خریدی گئی 36 گاڑیاں کے ایم سی کے حوالے کی گئی ہیں یہ بات انھوں نے منگل کی سہ پہر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اسپرے کے لیے خریدی گئی گاڑیوں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حوالے کرنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی ، رکن صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو ، وقار مہدی ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرو ، میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم و دیگر متعلقہ افسران و معززین شہر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر نے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے درمیان جو مسائل تھے انھیں حل کرلیا گیا ہے اور اب یہ مہم مشترکہ طور پر چلائی جائے گی ، انھوں نے کہا کہ ڈنگی کے خاتمے تک اس مہم کو جاری رکھا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو صوبائی محکمہ صحت اور حکومت سندھ سے بھی کے ایم سی کو بھرپور مدد فراہم کی جائے گی ۔

انھوں نے کہا کہ اسپرے کا یہ کام کے ایم سی اس سے قبل 24 گاڑیوں سے انجام دے رہی تھی اب 60 گاڑیوں کے ساتھ شہر بھر میں ڈنگی کے خلاف بھرپور طریقے سے اسپرے مہم چلائی جائے گی ، انھوں نے کہا کہ کے ایم سی کے پاس جو گاڑیاں ، لوڈرز ، ڈمپرز اور دیگر گاڑیاں خراب حالت میں ہیں ان کو درست کرکے سڑکوں پر لایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے کام یا سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غفلت کا مظاہرہ کریں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ شہر میں صفائی مہم جاری رہے گی اور اس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور عملے کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی، گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی مسلسل جاری رکھی جائے گی تاکہ صفائی یا اسپرے مہم میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ثاقب احمد سومرو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد ڈنگی اسپرے مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور گاڑیوں میں اضافے کے بعد اس مہم میں مزید تیزی آئے گی خصوصی طور پر کراچی کے دیہی اور مضافاتی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر اسپرے کیا جائے گا ۔

انھوں نے بتایا کہ کے ایم سی اور پانچوں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے اشتراک سے صفائی مہم جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن کچرا کراچی کے مختلف علاقوں سے جمع کرکے لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا جا رہا ہے، انھوں نے بتایا کہ ڈنگی اسپرے کے لیے ادویہ خاصی مقدار میں موجود ہیں، بعدازاں صوبائی وزیر نے فیتہ کاٹ کر اسپرے مہم کے لیے دی جانے والی گاڑیوں کا افتتاح کیا اور ادویہ مشین میں ڈال کر اسپرے مہم کا بھی باقاعدہ آغاز کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔