یو ایس اوپن: اعصام نے ڈبلز کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 4 ستمبر 2013
مینز سنگلز میں  16 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجرفیڈررکو چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست ہوئی۔ فوٹو: فائل

مینز سنگلز میں 16 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجرفیڈررکو چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست ہوئی۔ فوٹو: فائل

نیویارک: پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ڈچ پارٹنر جین جولین روزے نے یوایس اوپن کے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔

سیمی فائنل میں رسائی کیلیے ان کا مقابلہ بھارتی پلیئر لینڈر پیس اور جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک سے ہوگا۔ پاک ، ڈچ جوڑی نے تیسرے راؤنڈ میں چائنیز تائپے کے لوین ہوشن اور بھارتی پلیئر دیویج شاران کو7-6(8/6)، 3-6 اور 6-3 سے ہرایا، یاد رہے مکسڈ ڈبلز میں اعصام اور زمبابوین خاتون ساتھی پلیئر کارا بلیک کو پہلے راؤنڈ میں سربیا کے نیناڈ زیمونچ اور سلواکین پلیئر کیٹرینا سربوٹنک کے ہاتھوں6-3،6-1 سے مات ہوگئی تھی،مینز سنگلز میں  بڑا اپ سیٹ 16 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجرفیڈررکی چوتھے راؤنڈ میں شکست ثابت ہوئی۔

انھیں اسپین کے ٹومی روبریڈو نے حیران کن طور پر 7-6(7/3)، 6-3 اور6-4 سے ہرایا، وہ 2002 کے بعد پہلی مرتبہ سیزن کے کسی بھی گرینڈ سلم فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہے، آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل اور فرنچ ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے بعد وہ ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں ہمت ہارگئے تھے، دیگر میچزمیں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال نے جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو سخت مقابلے میں 6-7(4/7)، 6-4، 6-3 اور6-1 سے ٹھکانے لگایا۔

اسپین کے تیسرے پلیئرفورتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے سربیا کے جانکو تیپسرووچ کو 7-6(7/2)، 3-6، 7-5، 7-6(7/3) سے ہرایا،فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ نے کینیڈا کے 10 سیڈ میلوس راؤنک کو6-7( 4/7)، 7-6(7/4)، 2-6، 7-6(11/9) اور 7-5 سے چارگھنٹے40 منٹ تک مقابلے کے بعد زیر کیا، کوارٹر فائنل میں ان کا سامنا اسپین کے 4 سیڈ ڈیوڈ فیرر سے ہوگا ، باہمی مقابلوں میں گیسکوئٹ کیخلاف فیرر کو 8-1 کی واضح سبقت حاصل ہے۔ویمنز سنگلز میں فلاویا پنیٹا نے رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 6-2، 7-6(7/3) سے زیر کیا جبکہ بیلاروسی سیکنڈ سیڈ اسٹار وکٹوریا آذرنیکا نے سربین حریف اینا ایوانووک کو6-4،3-6 اور 6-4 سے پچھاڑ کر راؤنڈ 8 میں جگہ بنالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔