نالائق حکومت نے 5500ارب قرض لیا لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی، رانا ثنااللہ

اسٹاف رپورٹر  پير 17 جون 2019
حکومت اقتصادی ترقی کے سروے کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئی، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

حکومت اقتصادی ترقی کے سروے کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئی، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نالائق حکومت نے 10 ماہ میں 5500ارب ارب کا قرضہ لیا لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ بھی آئینی تقاضا ہے کہ حکومت اپنی نالائقی اور عوام دشمن بجٹ ہونے کی وجہ سے پارلیمان میں بحث شروع نہیں ہونے دے رہی۔ فردوس باجی دن میں 3،3 دفعہ سرکاری خرچے پر جھوٹ بولتی ہیں، آپ کو جتنا جھوٹ بولنا ہوتا ہے ایک ہی دفعہ صبح صبح بول کیا کریں۔ آپ نے عمران صاحب کو بیوقوف بنا کر نوکری لے لی ہے لیکن آپ اب عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتیں۔ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے اور اسے منظورنہیں ہونے دیں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ فردوس باجی سرکاری بسوں اور دوائیوں کی کرپشن کو بھولنے نہیں دیا جائے گا۔ حکومت اقتصادی ترقی کے سروے کے تمام پرچوں میں فیل ہوئی ہے ، اس کا جواب دیں۔ 5.8 فیصد پہ چلتی معیشت کو آدھا کر دیا ہے، ملک کی معیشت کو تباہ کردیا گیا ، مہنگائی 3 گنا کردی ،نالائق حکومت نے 10 ماہ میں 5500ارب ارب کا قرضہ لیا لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کدھر گئے ؟۔ 10 ماہ میں 15سے 20لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اس کا جواب دیں ،دس ماہ میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے اس کا جواب دیں ۔ فردوس امجد باجی امجد بھائی کو کرسی کا اثر رسوخ استعمال کر کے ملک میں آنے کی اجازت لے کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔