پاکستان نے نیپال کو ہرانے کا سنہری موقع گنوا دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 4 ستمبر 2013
ساف فٹبال: نیپالی فٹبالر بھرت کھاوس پاکستان کے فیصل اقبال کو کک لگانے سے روک رہے ہیں۔   فوٹو : اے ایف پی

ساف فٹبال: نیپالی فٹبالر بھرت کھاوس پاکستان کے فیصل اقبال کو کک لگانے سے روک رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

کھٹمنڈو:  ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان نے نیپال کو ہرانے کا سنہری موقع گنوادیا، سیمی فائنل تک رسائی کا سفر دشوار ہوگیا۔

گرین شرٹس نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کرنے کے بعد میچ کے آخری منٹ میں گول کرواکر میزبان ٹیم کو مقابلہ 1-1 برابر کرنے کا موقع فراہم کردیا، بھارت انجری ٹائم میں گیند کو جال میں پھینک کر بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست سے بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان اور نیپال کے مابین گروپ اے میچ کے آغاز میں ہی خاصی تیزی دیکھنے میں آئی،ابتدائی 10 منٹ میں دونوں جانب سے بھرپور حملے کیے گئے، 13 ویں منٹ میں بھرت خواس کے فاؤل کے نتیجے میں ملنے والی پنالٹی پر حسن بشیر نے زوردار کک لگائی۔

گیند گول کیپر کرن کو حیران و پریشان کرتے ہوئے نیٹ میں پہنچ گئی، برتری حاصل کرنے کے بعد زیادہ پُر جوش نظر آنیوالے گرین شرٹس نے حریف پر چڑھائی کر دی، اس دوران عدنان فاروق کی ایک شاندار کوشش گول کیپر نے ناکام بنائی، میدان میں موجود 5 ہزار کے قریب مقامی شائقین اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے اور ریفری کی طرف سے فاؤل نہ دینے پر چیختے چلاتے نظر آئے، میزبان ٹیم کو27 ویں منٹ میں فری کک پر مقابلہ برابر کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن گول کیپر یوسف بٹ نے بڑی چابکدستی سے سندیپ کی شاندار کوشش ناکام بنا دی، بعد ازاں ذیشان رحمان نے خطرناک کک روک کر نیپالی ٹیم کو میچ میں واپس آنے کا موقع نہ دیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی جمانو راجو کی راہ میں صرف گول کیپر ہی حائل رہ گئے تھے مگر ان کی زوردار کک پوسٹ کے ایک طرف سے گزر گئی، چند لمحے بعد ملنے والی فری کک پر بھولا سلوال کے سامنے ذیشان رحمان دیوار بن گئے، پاکستانی ڈیفنڈر اور گول کیپر نے بعد ازاں بھی کئی حملے ناکام بنائے، 80 ویں منٹ میں گیند کافی دیر ڈی کے آس پاس گردش کرتی رہی لیکن نیپالی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، 90 منٹ کا کھیل ختم ہونے کے بعد انجری ٹائم میں ملنے والے ایک منٹ کے دوران بیمل گھارتی نے پاکستانی دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے گیند گول پوسٹ میں پھینک کر مقامی شائقین کے اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

قبل ازیں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے بھی بھارت کو ہرانے کا بہترین موقع گنوا دیا، مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، پہلے ہاف میں بلو شرٹس متعدد حملوں کے باوجود برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے، 19 ویں منٹ میں مہتاب حسین کی فری کک پر فارورڈ لینی کا ہیڈر گول کیپر نے روک لیا۔ دوسرے ہاف کی ابتدا میں دونوں ٹیموں کا دفاعی کھیل جاری رہا، مقابلے میں تیزی آنے کے بعد بنگلہ دیش کے عتیق الرحمان نے میچ کے 82 ویں منٹ میں موقع پاتے ہی انفرادی کوشش سے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

کھیل ختم ہونے سے چند سیکنڈز قبل انجری ٹائم میں کپتان سنیل چھیتری نے گول داغ کر دفاعی چیمپئن کو شکست کی شرمندگی سے بچا لیا۔ گروپ اے میں بھارت اور نیپال 4،4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کا ایک، ایک پوائنٹ ہے، بھارت اور نیپال کے میچ کی فاتح ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہو جائے گی، پاکستان کو اُمیدیں برقرار رکھنے کیلیے بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔