سنی دیول نے شاہ رخ خان سے 16 سالہ ناراضی پر خاموشی توڑ دی

ویب ڈیسک  پير 17 جون 2019
ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص فلم میں کمانڈو ہو اور اسے سامنے والا شخص باآسانی چاقو مار دے، سنی دیول (فوٹو: فائل)

ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص فلم میں کمانڈو ہو اور اسے سامنے والا شخص باآسانی چاقو مار دے، سنی دیول (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بھارتی اداکار سنی دیول نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ سے 16 سالہ ناراضی پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول نے انٹرویو میں شاہ رخ خان اور فلم ساز یش راج سے رنجشوں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ 1993ء میں فلم ’ڈر‘ کی شوٹنگ جاری تھی جہاں ایک سین میں شاہ رخ خان کو مجھے چاقو مارنا تھا اس سین پر مجھے اعتراض تھا اور میں نے اپنا یہ اعتراض یش راج جی کے سامنے بھی رکھا اور انہیں بتایا کہ میں فلم میں کمانڈو آفیسر کا کردار ادا کر رہا ہوں جوکہ ایک انتہائی فٹ شخص ہوتا ہے تو پھر یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ ایک عام شخص باآسانی کمانڈو پر وار کردے۔

سنی دیول نے یہ بھی کہا کہ وہ شخص مجھے تب پیٹ سکتا ہے جب میں اسے دیکھ نہ پا رہا ہوں یا میری توجہ کہیں اور ہو اور میری تمام تر توجہ اس پر ہونے کے باوجود وہ پھر بھی مجھے چاقو سے وار کردے تو میں اپنے آپ کو کمانڈو کیسے کہوں؟

اداکار نے یہ بھی کہا کہ یش راج کو تمام صورتحال بتانے کے دوران میں بہت غصے میں تھا میں نے انہیں اور کچھ نہیں کہا کیوں کہ میں اُن کی عزت کرتا ہوں، اُس دوران غصے میں ہونے کی وجہ سے میں نے اپنا ہاتھ جیب میں رکھا ہوا تھا شدید غصے میں ہونے کی وجہ سے مجھے اندازہ ہی نہیں ہوا کہ میرے ہاتھوں کی وجہ سے پینٹ کی جیب پھٹ گئی تھی۔

سنی دیول سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ 16 سال سے اسی وجہ سے شاہ رخ خان سے ناراض ہیں اور بات نہیں کر رہے جس پر سنی نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وجہ نہیں ہے بلکہ میں نے خود ہی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ سچ بات تو یہ بھی ہے کہ میں کسی سے ملتا جلتا نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ 1993ء میں بننے والی مقبول ترین فلم ’ڈر‘ میں شاہ رخ خان کا کردار آج بھی اُن کے مداحوں کو یاد ہے۔ فلم میں شاہ رخ کے ساتھ سنی دیول اور جوہی چاولہ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔