پاکستان پوسٹ: خسارے پر قابو پانے کیلیے 12 ریسٹ ہاؤس بند

اسٹاف رپورٹر  بدھ 4 ستمبر 2013
ملک بھر میں تمام غیر اہم ریسٹ ہاؤسز بند کرکے انھیں کرائے پر دے دیا جائے گا تاکہ خسارہ کم ہوسکے۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں تمام غیر اہم ریسٹ ہاؤسز بند کرکے انھیں کرائے پر دے دیا جائے گا تاکہ خسارہ کم ہوسکے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان پوسٹ کو درپیش مالی خسارے پر قابو پانے کیلیے وفاقی سیکریٹری مواصلات کی ہدایت پر بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، پنجگور، قلات اور دیگر مقامات پر قائم 12ریسٹ ہاؤس بند کردیے گئے۔

ان ریسٹ ہاؤسز میں سابق وفاقی وزیر پاکستان پوسٹ سردار عمر گورگیج کے رشتے دار اور ملازمین پڑاؤ ڈالے ملکی خزانے کو نقصان پہنچا رہے تھے، سیکریٹری مواصلات نے ملک کے دیگر شہروں میں تعمیر کیے جانے والے ریسٹ ہاؤسز، پاکستان پوسٹ کے دیگر اثاثے اور ملازمین کی فہرست طلب کرلی ہے،ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری مواصلات محمد ارشد بھٹی نے پاکستان پوسٹ کو خسارے سے نکالنے اور مالی بحران پر قابو پانے کیلیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

سابقہ دور حکومت میں پاکستان پوسٹ کو مالی سال2012-13 میں 7 ارب خسارے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گزشتہ 4 سال میں مجموعی طور پر 48 ارب 33 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا،سیکریٹری کی جانب سے پاکستان پوسٹ کے ملک بھر میں قائم ریسٹ ہاوسز ،دیگر اثاثے اور سابقہ دور میں بھرتی ہونے والے ملازمین کی فہرست طلب کرلی گئی ہے،ملک بھر میں تمام غیر اہم ریسٹ ہاؤسز بند کرکے انھیں کرائے پر دے دیا جائے گا تاکہ خسارہ کم ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔