نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  پير 17 جون 2019
نیب ایگزیكٹو بورڈ کے اجلاس میں 6 انویسٹی گیشنز كی منظوری دے دی گئی۔ فوٹو : فائل

نیب ایگزیكٹو بورڈ کے اجلاس میں 6 انویسٹی گیشنز كی منظوری دے دی گئی۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی كے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال كی زیر صدارت ایگزیكٹو بورڈ كا اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب ایگزیكٹو بورڈ نے 6 انویسٹی گیشنز كی منظوری دے دی، ایگزیكٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ كے افسران و اہلكاروں كے خلاف بھی انویسٹی گیشن كی منظوری دے دی۔

اسی طرح سوئی سدرن انتظامیہ، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم، میسرز ایل این جی ٹرمینل پاكستان و دیگر، سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو اور سابق وزیر ریلوے اورمحكمہ ریلوے سكھر ڈویژن كے افسران كے خلاف انوسٹی گیشن كی منظوری دے دی گئی۔

ایگزیكٹو بورڈ اجلاس میں بدعنوانی كے تین ریفرنسز دائر كرنے كی منظوری دی گئی جس میں این ٹی ڈی سی حكام كے خلاف ریفرنس، سابق سی ای او آئیسكو جاوید پرویز اور دیگر حكام كے خلاف ریفرنس، سابق وی سی پنجاب یونیورسٹی مجاہد كامران كے خلاف ریفرنس دائر كرنے كی منظوری شامل ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ر یٹائرڈجاوید اقبال نے كہا كہ عوام كی لوٹی رقم كی واپسی كے لیے تمام وسائل بروئے كار لارہے ہیں، قوم كے لوٹے گئے 326 ارب روپے وصول كر كے قومی خزانہ میں جمع كرائے، بدعنوانی تمام برائیوں كی جڑ ہے جو ملكی ترقی كی راہ میں ركاوٹ ہے۔

انہوں نے كہا كہ تمام انویسٹی گیشنز كو قانون كے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، نیب ’’احتساب سب كے لیے‘‘ كی پالیسی پر قانون كے مطابق عمل پیرا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔