سوشل میڈیا کے ہیرو کرکٹرز میدان میں زیرو ثابت

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  منگل 18 جون 2019
ویڈیوز میں بلند عزائم ظاہر کرنے والوں کی کارکردگی کا معیار انتہائی پست رہا فوٹو: فائل

ویڈیوز میں بلند عزائم ظاہر کرنے والوں کی کارکردگی کا معیار انتہائی پست رہا فوٹو: فائل

 لاہور:  سوشل میڈیا کے ہیرو کرکٹرز میدان میں زیرو ثابت ہوئے اور ویڈیوزمیں بلند عزائم ظاہرکرنے والوں کی کارکردگی کا معیارپست رہا۔

کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز تک ناکام تجربات سے گزرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم بعد میں بھی مشکلات کا شکاررہی، کارکردگی میں تسلسل تو نظر نہیں آیا لیکن پی سی بی نے ان کو سوشل میڈیا پر سرگرم رکھنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی، میچز سے قبل کھلاڑی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغامات میں بلند عزائم کا اظہارکرتے نظر آئے۔

شرٹس کی رونمائی سے لیکر کئی دیگر مواقع پر بھی اچھی ماڈلنگ اور اداکاری کرتے دکھائی دیے، ڈریسنگ روم میں پڑے سامان تک کی تصویریں بھی جاری کی گئیں،بھارت کیخلاف میچ سے قبل بھی ایک ویڈیو میں کرکٹرزکوتیاریاں کرنے کیساتھ فتح کے دعوے کرتے دکھایا گیا۔

پی سی بی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ان پیغامات کو دیکھا، ان اقدامات سے شائقین کرکٹ کی توقعات بھی عرش کوچھونے لگیں، دوسری جانب گرین شرٹس نے میدان میں کارکردگی ایسی دکھائی کہ مایوسیوں کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔

یادرہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈنے اپنے اکاؤنٹس سے جاری کردہ ویڈیو پیغامات اور تصاویرکے مالکانہ حقوق اپنے پاس رکھتے ہوئے ان کا سوشل میڈیا پر استعمال غیر قانونی قرار دیا تھا لیکن ٹیم کی شکست پر صارفین نے تنقید کا ایک طوفان برپا کردیا جس کو روکنا کسی کے بس میں نہیں رہا۔

دلبرداشتہ شائقین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بلند عزائم کی اداکاری کروانے کے بجائے حریف ٹیموں کے چیلنجزکا سامنا کرنے کے لیے تیارکیا جاتا توشاید مثبت نتائج برآمد ہوتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔