اسٹیل ملز کی نجکاری میں تاخیر پر مشیر خزانہ کی کابینہ پر تنقید

شہباز رانا  منگل 18 جون 2019
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت کی انرجی ٹاسک فورس کی تجاویز پر بھی عدم اطمینان کا اظہار۔ فوٹو: فائل

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت کی انرجی ٹاسک فورس کی تجاویز پر بھی عدم اطمینان کا اظہار۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مشیربرائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری میں تاخیر پر کابینہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ساتھ ساتھ انھوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت کی انرجی ٹاسک فورس کی تجویز پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں شریک حکام کے مطابق دوران اجلاس 4 سال سے بند اسٹیل ملز کی نجکاری میں تاخیر کے معاملے پر گرما گرم بحث ہوئی۔

حکام کے مطابق کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین عبدالحفیظ شیخ نے وزارت صنعت کی تاخیری پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مشیر خزانہ نے چیئرمین انرجی ٹاسک فورس اور وزیراعظم کے مشیرخصوصی برائے پیٹرولیم کو آئندہ مال سال میں کم از کم ایک پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی فروخت کی تجویز دینے کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔