صوبائی کابینہ رواں ہفتے بنالی جائے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

تنویر محمود راجہ  بدھ 4 ستمبر 2013
 ڈیرہ بگٹی کے مہاجرین آبائی علاقوں میں واپس جارہے ہیں،ڈاکٹرمالک کی ایکسپریس سے گفتگو. فوٹو: فائل

ڈیرہ بگٹی کے مہاجرین آبائی علاقوں میں واپس جارہے ہیں،ڈاکٹرمالک کی ایکسپریس سے گفتگو. فوٹو: فائل

اسلام آ باد:  وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبد المالک نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل رواں ہفتے میں کردی جائے گی جس کاباقاعدہ اعلان وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے بعدکیاجائے گا۔

ہم ہرقدم پھونک پھونک کر رکھ رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ 3 ماہ کے دوران صوبائی حکومت پرکرپشن اوربیڈگوورننس کا ایک بھی الزام نہیں لگا اورنہ ہی آئندہ کوئی انکی حکومت پرانگلی اٹھا سکے گا۔بلوچستان کے مسائل بہت گمبھیرہیں ان کے حل میں وقت لگے گا۔حکومت کی شب وروزکوششوں کے باعث ڈیرہ بگٹی کے مہاجرین اپنے آبائی علاقوں میں واپس جا رہے ہیں۔

وہ منگل کوایکسپریس سے گفتگوکررہے تھے۔ان کاکہنا تھاکہ حکومت سازی کے حوالے سے تینوں اتحادی جماعتیں متحد ہیں اوران میں کسی قسم کا اختلاف نہیں تاہم وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث ن لیگ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے نام نہیں بھجوائے اس سلسلے میں اسی ہفتے فیصلہ کرلیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹرعبدالمالک کاکہنا تھاکہ صوبے میں قیام امن اور بے روزگاری کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اوربہت جلد بلوچستان امن کاگہوارہ بن جائے گا۔انھوں نے کہاکہ ان کی حکومت صوبے میں تعلیم صحت اور روزگارکی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیاد پراقدامات کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔