کینیڈا میں جشن فتح پر فائرنگ، وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بال بال بچ گئے

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2019
جسٹن ٹروڈو کو محافظوں نے اپنے حصار میں لے کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔ فوٹو : فائل

جسٹن ٹروڈو کو محافظوں نے اپنے حصار میں لے کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔ فوٹو : فائل

اوٹاوا: کینیڈا کی باسکٹ بال ٹیم کی فتح پر منعقد کردہ جشن فتح کی تقریب کے دوران فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے جب کہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق باسکٹ بال ٹیم ٹورنٹو ریپٹرز کی فتح پر جشن منانے کے لیے منعقد ہونے والی پریڈ میں 20 لاکھ شہریوں نے شرکت کی جب کہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے کہ اچانک تقریب میں فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی۔

Canada 1

لاکھوں افراد بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اپنی جانیں بچانے کے لیے ایک دوسرے پر چڑھ دوڑے جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جب کہ وزیراعظم کے محافظوں نے انہیں اپنے حصار میں لے کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔ پولیس نے 4 مشتبہ ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

Canada 2

پولیس نے حراست میں لیے گئے ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے جب کہ تاحال فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

Canada 3

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرتشدد واقعے کی پوری تحقیقات کی جائیں گی اور فائرنگ سے ٹیم کی جیت اور کینیڈین شہریوں کے عزم کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔