مقبوضہ کشمیر میں دو روز کے دوران شہادتوں کی تعداد 8 ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2019
2 نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا جب کہ 2 کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ فوٹو : فائل

2 نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا جب کہ 2 کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا جب کہ دو مختلف علاقوں سے لاپتا دو کشمیری طلبا کی تشدد زدہ لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے ظلم کی انتہا کردی، ضلع اسلام آباد میں 2 کشمیری نوجوانوں سجاد بٹ اور توصیف بٹ کو شہید کیا گیا۔

دوسری جانب اسی علاقے میں قابض بھارتی فوج نے ایک مکان کو مسمار کر دیا جس کے ملبے سے ایک نوجوان کی گولی لگی لاش ملی ہے، شہید کی شناخت نثار احمد کے نام سے ہوئی ہے اور وہ طالب علم تھا۔

یہ خبر پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بم دھماکے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی

ادھر سری نگر سے بھی 24 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، نوجوان کی شناخت ہارون رشید کے نام سے ہوئی ہے۔ نثار احمد اور ہارون رشید دو دن سے لاپتا تھے۔ دو کشمیری نوجوانوں کی لاشیں ملنے کے بعد گزشتہ 2 دنوں میں شہادتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید

واضح رہے کہ ضلع پلوامہ میں گزشتہ روز ایک جھڑپ میں بھارتی فوج کا ایک میجر ہلاک ہوگیا تھا، اس سے ایک روز قبل بارودی سرنگ دھماکے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے جب کہ آج بھی اس ضلع میں ایک پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ سے حملہ کیا گیا جس میں 6 افراد زخمی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔