وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاروق ستار کو دوبارہ شرکت کی خصوصی دعوت

ویب ڈیسک  بدھ 4 ستمبر 2013
گزشتہ روزوفاقی کابینہ اجلاس میں فاروق ستار کی شرکت کی دعوت واپس لے لی گئی تھی، فوٹو: فائل

گزشتہ روزوفاقی کابینہ اجلاس میں فاروق ستار کی شرکت کی دعوت واپس لے لی گئی تھی، فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کے افراد میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا نام دوبارہ شامل کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اجلاس کچھ دیر بعد وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں گورنر ہاؤس کراچی میں شروع ہوگا، جس میں خصوصی شرکت کے افراد میں فاروق ستار کا نام شامل کرلیا گیا ہے جبکہ گورنر سندھ  اور وزیراعلی سندھ سمیت دیگر افراد بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کراچی میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں قیام امن اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے تیار کردہ پلان پیش کریں گے، اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروں کی مشاورت کے بعد کراچی میں قیام امن کے لیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری بھی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزوفاقی کابینہ اجلاس میں فاروق ستار کی شرکت کی دعوت واپس لے لی گئی تھی، جبکہ شرکت کی دعوت منسوخ کیے جانے پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔