جرائم پیشہ افراد سیاسی قیدی کا لیبل لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2019
 قوم کو اصلاح کا درس دینے والے عوام کے ٹیکس کا پیسا خرچ کرتے رہے، فردوس عاشق۔ فوٹو:فائل

قوم کو اصلاح کا درس دینے والے عوام کے ٹیکس کا پیسا خرچ کرتے رہے، فردوس عاشق۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جولوگ کرپشن کیسز میں جیل میں ہیں وہ سیاسی قیدی کا لیبل لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وزیراعظم چادر سے زیادہ اپنے پاؤں پھیلاتے رہے، 2014 – 15 میں وزیراعظم نے 88 کروڑ روپے کا بجٹ استعمال کیا، قوم کو اصلاح کا درس دینے والے عوام کے ٹیکس کا پیسا خرچ کرتے رہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پرانگلیاں اٹھانے والے ٹولے کو اپنی آنکھیں نیچی رکھنی چاہیے، کیوں کہ ان  کا پورا کا پورا خاندان سرکاری خرچے پر پل رہا تھا، رائیونڈ میں کیمپ آفس بنایا گیا جس کی دیواریں قوم کے پیسوں سے بنائی گئیں، شہبازشریف نے ذاتی تشہیر اور ذاتی عیاشیوں پر45 ارب روپے خرچ کئے، اقوام متحدہ میں راج کماری اور نواز شریف کی نواسی تک جاتے رہے، گزشتہ حکومت کے دوران وزیراعظم ہاؤس کا بجلی کا بل 28کروڑ روپے موجودہ حکومت ادا کررہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس بنانے والے اور منی لانڈرنگ کرنے والے رنگے ہاتھوں گرفتارہوئے ہیں،  جولوگ کرپشن کیسز میں جیل گئے وہ سیاسی قیدی کا لیبل لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، شرمندہ ہونےکے بجائے یہ لوگ سینہ زوری کر رہے ہیں، یہ آئین کی بالادستی نہیں بلکہ اپنی بالادستی پرزوردے رہے ہیں، بجٹ نہ منظورکرنے دینے اور پارلیمنٹ کویرغمال بنانےوالے سیاسی قیدی نہیں، یہ کون ہوتے ہیں بجٹ روکنےوالے، بجٹ سے ملک کی سیکیورٹی وابستہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی قیدی اور کرمنل میں فرق کو واضح کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔