جاپان میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، سونامی الرٹ جاری

ویب ڈیسک  منگل 18 جون 2019
دو ٹرینوں کو معطل کردیا گیا ہے اور ایٹمی پلانٹ کے ساتوں ریکٹرز بند اور محفوظ ہیں (فوٹو : فائل)

دو ٹرینوں کو معطل کردیا گیا ہے اور ایٹمی پلانٹ کے ساتوں ریکٹرز بند اور محفوظ ہیں (فوٹو : فائل)

ٹوکیو: جاپان کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں طاقت ور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث سمندر میں دیو قامت لہریں پیدا ہوگئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے بعد اب جاپان کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 6.8 محسوس کی گئی ہے جس سے سمندر میں دیو قامت لہریں پیدا ہوگئیں۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد ریسکیو اور بلدیاتی اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ’کاشی وازاکی کاریوالا‘ کے ایٹمی پلانٹ کے ساتوں ریکٹرز بند اور محفوظ ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو یماگاتا، نیگاتا اور لشیکاوا کے علاقوں میں سمندر سے واپس ساحل پر آنے کی ہدایت جاری کی ہے جب کہ شہریوں کو بھی ان علاقوں کے ساحلوں پر جانے سے منع کیا گیا ہے۔ دو ٹرینوں کی سروس کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں : چین میں یکے بعد دیگرے دوزلزلے؛ 11 افراد ہلاک، 122 زخمی

واضح رہے کہ جاپان دنیا بھر میں زلزلوں اور سونامی کے حوالے سے سب سے خطرناک ملک سمجھا جاتا ہے، مارچ 2011ء میں 9.0 شدت کے زلزلے کے باعث سونامی نے 18 ہزار زندگیوں کے چراغ گل کردیئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔