ایون مورگن نے روہت شرما سے ورلڈ ریکارڈ چھین لیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
17 چھکے جڑڈالے، راشد خان ورلڈ کپ کی تاریخ کے ناکام ترین بولر بنے۔ فوٹو: فائل

17 چھکے جڑڈالے، راشد خان ورلڈ کپ کی تاریخ کے ناکام ترین بولر بنے۔ فوٹو: فائل

مانچسٹر:  انگلش کپتان ایون مورگن نے افغانستان کیخلاف طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی اوپنر روہت شرما سے اننگز میں زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ چھین لیا۔

ایون مورگن نے ون ڈے اننگزمیں17 سکسر جڑے، انھوں نے افغانستان کیخلاف صرف 71 گیندوں پر 148کی شاندار اننگز کھیلی، اس سے قبل بھارت کے روہت نے نومبر 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف بنگلورمیں 209 رنز کی اننگز میں 16 چھکے لگائے تھے۔

جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز اور ویسٹ انڈین اسٹار گیل بھی ایک اننگز میں 16،16 سکسر لگانے کا اعزاز رکھتے ہیں تاہم افغانستان سے مقابلے میں انگلش ٹیم نے مجموعی طور پر 25 چھکے لگاکر اپنے ہی ریکارڈ کو بہتر کرلیا، مورگن نے 57 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ اس طرح یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی چوتھی تیزترین سنچری بھی شمار ہوئی۔

ورلڈ کپ کی بدترین پرفارمنس کا ریکارڈ افغان اسپنر راشد خان کے نام جڑگیا، انھوں نے 9 اوورز میں 110رنز کی مارکھائی اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کرپائے، ان سے قبل کیوی بولر مارٹن اسنیڈن نے 1983 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کیخلاف 12 اوورز میں 105رنز دیے تھے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا بہترین مجموعہ 6 وکٹ پر397 رنز ترتیب دیا، اس سے قبل میگا ایونٹ میں ان کا بہترین ٹوٹل 386 رنز بنگلہ دیش کیخلاف اسی ایڈیشن میں بنا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔