ورلڈ کپ؛ ٹیم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، معین خان

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 19 جون 2019
ایونٹ سے باہر نہیں ہوئے، سرفراز کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، سابق کپتان

ایونٹ سے باہر نہیں ہوئے، سرفراز کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، سابق کپتان

کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

پویلین اینڈ کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ قومی ٹیم ابھی ورلڈکپ میں ہے، ٹیم کی کارکردگی سے مایوس نہیں ہوں، ورلڈ کپ میں ابھی ہمارے چار میچز باقی ہیں،اگر جیتیں گے توآگے جاسکتے ہیں لیکن  متحد ہوکرکھیلنا ضروری ہے۔

ایک سوال پر سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ کوچ اورکپتان کوہٹانے کی باتیں قبل از وقت ہیں،چیف سلیکٹر کا کام سلیکشن ہوتا ہے، تاہم اگر انضمام الحق کوبورڈ زمہ داری سونپی توانھوں نے کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں موجودکرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم پاکستان ٹیم کوبہترین گائیڈ لائن دے سکتے تھے۔ 1992میں بھی ہم ہارے ہوئے تھے پھر جیتتے چلے گئے،اس وقت کھلاڑیوں میں جذبہ بڑھانے کی ضرورت ہے،تاریخ کو دہرانے کیلیے محنت کرنا ہوگی۔

ایک اورسوال پر معین خان نے کہا کہ اگر سرفراز نے گروپنگ کے حوالے  سے کچھ کہا ہے توغلط بات کی، ان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،ہمارے یہاں تنازعہ کھڑا کرنے میں دیرنہیں لگتی، ان ہی پلیئرز نے ہمیں چیمپئن بھی بنایا ہے، ان پر بھروسہ کرنا چاہیے،اگر سرفراز گروپنگ کے سامنے بے بس ہیں تووہ قائدانہ صلاحیت نہیں رکھتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔