ن لیگ کا عوام دشمن حکومتی رویے پر منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ

خالد محمود / این این آئی  بدھ 19 جون 2019
چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے اے پی سی میں غور ہو گا، شہباز کی صحافیوں سے بات چیت
(فوٹو: فائل)

چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے اے پی سی میں غور ہو گا، شہباز کی صحافیوں سے بات چیت (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد:  مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے شرمناک اور عوام دشمن حکومتی رویے کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت شہباز شریف اور راجہ ظفر الحق نے کی جس میں پارٹی کے سینٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے پارٹی ارکان کو مولانا فضل الرحمن سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا ، قائد حزب اختلاف کی پارٹی ارکان سے اے پی سی کے انعقاد کی تاریخ اور ایجنڈا کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بجٹ منظور نہ ہونے دینے کی حکمت عملی پر غور اور مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا ، پارلیمانی پارٹی کی جانب سے بجٹ سیشن کے حوالے سے حکومتی طرز عمل کی شدید مذمت کی گئی ۔

ارکان نے کہا کہ حکومت کا رویہ خوف کا اظہار کرتا ہے ، ثبوت ہے کہ وہ حقائق عوام سے چھپانا چاہتے ہیں ۔ ارکان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو بولنے سے روکنے سے صاف ظاہر ہے کہ بجٹ عوام دشمن ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔