امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا دوسری بار صدارت کیلئے انتخابی مہم کا آغاز

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
ڈونلڈ ٹرمپ 2016 میں امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔  فوٹوانٹرنیٹ

ڈونلڈ ٹرمپ 2016 میں امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ فوٹوانٹرنیٹ

اورلینڈو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بارصدارت کے لیے انتخابی مہم کا آغاز امریکی ریاست فلوریڈا سے کردیا۔

انتخابی مہم کے آغازپرخطاب کرتے ہوئے امریکی صدرنے کہا کہ معاشی حالات بہتر اور امریکا مستحکم ہورہا ہے، ہم زیادہ تر کام کرچکے، دوسرے دور صدارت میں تمام اہداف حاصل کریں گے، امریکا میں بیروزگاری کی شرح پہلے سے کم ہوگئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے حوالے سے کہنا تھا چین پرعائد ٹیکس کام دکھانے لگے اور بین الاقوامی کمپنیاں چین چھوڑرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام پربوجھ ڈالنے کی خبریں جھوٹ ہیں لوگ ان خبروں پر توجہ نہ دیں، ڈیموکریٹ امریکا میں تقسیم درتقسیم چاہتے ہیں، تفتیش وتحقیقات کی آڑمیں مجھ پر حملہ عوام پرحملہ ہے، جو عوام کے حقوق اوربہتر مستقبل کے مخالف ہے، میرے مخالفین امریکی عوام کوبہترمستقبل سے محروم اور تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدرکا کہنا تھا کہ رابرٹ مولر کی تحقیقات ہمارے لیے رکاوٹ اور الجھن کا معاملہ نہیں، میکسیکو کی سرحد پر 400 میل کی نئی دیوار 2020 تک مکمل ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نومبر 2016 میں اپنی حریف ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔