چیئرمین نیب کو سول مقدمات کے جائزے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
نیب ججز کو طلب کرکے تو دیکھے، جسٹس عظمت سعید فوٹو:فائل

نیب ججز کو طلب کرکے تو دیکھے، جسٹس عظمت سعید فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ چیئرمین نیب کو سول مقدمات کے جائزے کا اختیارنہیں اور نیب ججز کو طلب کرکے تو دیکھے۔

سپریم کورٹ نے زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی نیب تحقیقات روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے تحقیقات مکمل ہونے تک نیب کو ملزم کی گرفتاری سے بھی روک دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ انکوائری رپورٹ کاجائزہ لیکرمناسب حکم جاری کرینگے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ سول کیس میں زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ کر چکی، سول مقدمہ میں فیصلہ ہو چکا ہو تو نیب تحقیقات نہیں کرسکتا، نیب کا بس چلے تو ججز کو بھی تحقیقات کیلئے طلب کرلے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ نیب ججز کو طلب کرکے تو دیکھے، چیئرمین نیب کو سول مقدمات کے جائزے کا اختیارنہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس میں سندھ ہائیکورٹ کیساتھ غلط بیانی کی گئی اور زمین الاٹمنٹ میں وزیراعلیٰ کی منظوری تک شامل نہیں۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ ہائیکورٹ فیصلے میں تو یہ لکھا ہے کہ وزیراعلیٰ نے منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ درخواست گزار ولید سعد خان کے نام پر اس کے والد نے 1978 میں خلاف ضابطہ زمین الاٹ کرائی تھی۔ نیب کراچی نے 2010 میں اس بے ضابطگی کی انکوائری شروع کی جسے درخواست گزار نے چیلنج کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔