نواز شریف کی ضمانت کے لیے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس کو ابھی نہیں دیکھا گیا،خواجہ حارث فوٹو: فائل

نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس کو ابھی نہیں دیکھا گیا،خواجہ حارث فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے درخواست منظور کرلی۔

جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت اور مرکزی اپیل کی سماعت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ نواز شریف نے اپنے وکیل کے توسط سے العزیزیہ ریفرنس میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لئے درخواست بھی دائر کی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ غیر ملکی ڈاکٹرز اور سرجنز کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ طبی بنیادوں پر ضمانت کا کیس میرٹ پرضمانت سے مختلف ہے، عدالتی نظیر موجود ہے کہ طبی بنیادوں پرمیرٹس پردوبارہ ضمانت کی درخواست دائر ہو سکتی ہے۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ طبی بنیادوں پر ضمانت کا کیس میرٹ پرضمانت سے مختلف ہے، عدالتی نظیر موجود ہے کہ طبی بنیادوں پر میرٹس پردوبارہ ضمانت کی درخواست دائر ہو سکتی ہے، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کو جس علاج کی ضرورت ہے وہ پاکستان میں ممکن نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست منظور کرلی۔ العزیزیہ ریفرنس میں مرکزی اپیل پرسماعت 27 جون تک ملتوی ہوگئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے جس کے بعد وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔