اے پی سی کی تاریخ اور ایجنڈا نواز شریف کی مشاورت سے ہی طے ہوگا، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
جعلی حکومت کے حق حکمرانی کو تسلیم نہیں کر سکتے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

جعلی حکومت کے حق حکمرانی کو تسلیم نہیں کر سکتے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہناہے کہ اے پی سی کا ایجنڈا اور تاریخ نواز شریف کی مشاورت سے ہی ہوگا۔

مجلس عاملہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اورتباہ کن اقتصادی پالیسیوں سےغریب آدمی کرب میں مبتلا ہے اور اوپر سے ظالمانہ بجٹ نےعوام کی کمرتوڑدی ہے، اس بجٹ کومسترد کرتے ہیں، بجٹ پاکستان کی معیشت اور موجودہ پالیسیاں ریاست کوتباہ کردیں گی، ہمیں بین الاقوامی ایجنڈے کی تکمیل کے بجائے اپنے معاشی ایجنڈے کی تکیمل کرنا چاہیے، لیکن اس ایجنڈے پر عمل درآمد کی اہلیت اس حکومت میں نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کے حق حکمرانی کو تسلیم نہیں کر سکتے، موجودہ حکومت جعلی ہے،اور اس کے خاتمے کے لئے قوم کو یکجا کرنے اور ملین مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا، اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کے لیےکمیٹی تشکیل دے دی ہے، اس وقت ہماری جنگ پاکستان کوبچانے کی جنگ ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جعلی اکثریت کو وقت دینے کا کیا فائدہ؟ حکومت کو مزید وقت دینا اصولی موقف کی نفی ہوگی، ہر سیاسی جماعت کا اپنا موقف ہوسکتا ہے ہمارا اصولی موقف ہے۔تمام اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی میں دعوت دیں گے، اے پی سی کا ایجنڈا اور تاریخ نواز شریف کی مشاورت سے ہی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔