وزیراعظم نے بنگالی ادیب کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کر دیا

ویب ڈیسک  بدھ 19 جون 2019
عمران خان دانشوروں کے اقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق کرلیا کریں، ترجمان مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو:سوشل میڈیا

عمران خان دانشوروں کے اقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق کرلیا کریں، ترجمان مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو:سوشل میڈیا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بنگالی نوبل انعام یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے ایک قول کو خلیل جبران نام سے منسوب کرتےہوئے لکھا ہے کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ زندگی سراسر خوشی ہے۔ میں بیدار ہوا اور دیکھا کہ زندگی سراسر خدمت ہے، میں نے خدمت کی اور جانا کہ یہی مسرت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پوسٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیل جبران کے ان الفاظ کی دانائی کو سمجھنے والے پرسکون زندگی گزارنے میں  کامیاب رہتے ہیں۔

تاہم دوسری جانب ادبی و سیاسی حلقوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں کہ عمران خان نے بنگالی نوبیل یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نقل کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، عادی جھوٹے تو آپ ہیں ہی، دوسروں کے اقوال کسی اور نام سے جاری کرنے پر بھی شرمندہ نہیں ہوتے، دانشوروں کے اقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق تو کرلیا کریں۔

معروف صحافی مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ایسی ٹویٹ ناصرف عمران خان  بلکہ پوری قوم کی جگ ہنسائی کا سبب بنی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔