مکلی میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے نوجوان لڑکی جاں بحق

نامہ نگار  جمعرات 5 ستمبر 2013
متوفیہ حیدرآباد کی رہائشی تھی، ورثا لاش بغیر پوسٹ مارٹم کرائے لے گئے۔

متوفیہ حیدرآباد کی رہائشی تھی، ورثا لاش بغیر پوسٹ مارٹم کرائے لے گئے۔

ٹھٹھہ:  مکلی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے نوجوان لڑکی ہلاک، ورثاء لاش بغیر پوسٹ مارٹم کرائے لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق مکلی سوسائٹی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران خوشی میں زبردست ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، ہوائی فائرنگ سے حیدرآباد شہر سے آئی 16 سالہ رمشا کے سینے میں گولی لگی جسے فوری طور پر مکلی سول اسپتال پہنچایا گیا ۔

جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ لڑکی کی ہلاکت پر شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا اور تقریب کو ختم کردیا گیا، ورثاء اسپتال سے لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے لے جارہے تھے کہ پولیس آپہنچی۔ ورثاء نے پولیس کو بیان دیکر جان چھڑالی کہ لڑکی کی موت اتفاقیہ گولی لگنے سے ہوئی، پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کردی، واضح رہے کہ ٹھٹھہ اور نواح میں شادی بیاہ کی تقریبات کے موقع پر ہوائی فائرنگ معمول بن گئی ہے جس کی روک تھام میں پولیس ناکام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔