حج پروازوں میں ایک ہفتہ رہ گیا، حاجی کیمپ میں انتطامات مکمل نہیں کیے جا سکے

ناصر الدین  جمعرات 5 ستمبر 2013
حاجی کیپمپ میں عازمین حج کو بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔  فوٹو : ایکسپریس

حاجی کیپمپ میں عازمین حج کو بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  کراچی سے پہلی حج پروازمیں محض ایک ہفتہ رہ گیا ہے لیکن حاجی کیمپ میں اب تک انتظامات مکمل نہیں کیے گئے ہیں، ویکسی نیشن کا عمل انتہائی تاخیر سے شروع کیا گیا ہے جبکہ وزارت مذہبی امور کی ہدایت کے مطابق ویکسی نیشن کا عمل پرواز کی روانگی سے 15 روز قبل ہوجانا چاہیے۔

حاجی کیمپ کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کے انتظامات ناقص ہیں جبکہ کیمپ کے باہر مین ہولز کھلے پڑے ہیں جو عازمین حج کی زندگیوں کیلیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، حاجی کیمپ کے باہر کچرے کے ڈھیر لگے ہیں اور باؤنڈری کی دیوار کے ساتھ بہنے والا نالہ گندگی سے بھرا ہوا ہے، حاجی کیمپ کی باؤنڈری وال کے ساتھ کچرا کنڈی قائم ہے جس کی وجہ سے مکھی اور مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے اور کیمپ کے اطراف سخت تعفن پھیلا ہوا ہے جس کی وجہ سے عازمین حج کے مہلک امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

عازمین حج نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حاجی کیمپ میں عازمین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور صحت و صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے، ڈائریکٹر حج عبدالستار سامتیو نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حاجی کیمپ میں عازمین حج کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، کراچی سے کل 12226 عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب جائیں گے، 27555 عازمین حج کے ویزے کراچی سے لگیں گے، 22926 عازمین حج کے ویزے لگ چکے ہیں، سکھر، ملتان، کوئٹہ، رحیم یارخان کے عازمین حج کے پاسپورٹ ان کے شہروں کو بھیج دیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔