ماہرہ اور پریانکا کے مہاجرین کے عالمی دن پر جذباتی پیغامات

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2019
2018ء میں 70 ملین سے زیادہ لوگ گھر سے بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے ماہرہ خان (فوٹو: فائل)

2018ء میں 70 ملین سے زیادہ لوگ گھر سے بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے ماہرہ خان (فوٹو: فائل)

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان اور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر بے گھر بچوں اور لوگوں کے حوالے سے جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین بچوں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے دنیا کی بے گھر افراد کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء میں 70 ملین سے زیادہ لوگ گھر سے بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے۔

ہر دوسیکنڈ میں ایک فرد گھر سے بے گھر ہونے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ ماہرہ خان نے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے حوالے سے بنائی گئی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ پاکستان کو اس امر پہ فخر ہے کہ وہ گزشتہ 40 سالوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دئیے ہوئے ہے۔ مہاجرین جنگ اور دہشتگردی کے شکار ہیں اور مسلسل مشکل حالات، زیاں اورنقل مکانی جیسی مصیبتوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔

ماہرہ خان نے مکہ کے مہاجرین کی مثال دیتے ہوئے کہا جب مہاجرین مکہ  کا انصار مدینہ نے کھلے دل کے ساتھ استقبال کیا تو اخوت اور بھائی چارے کی روایت پر پہنچے۔ اب تک ہمارے ملک میں ان روایات کو قائم رکھا گیا ہے۔ بحیثیت قوم ہم نے اپنی سرزمین پر مہاجرین کے لیے ایک الگ گھر تعمیر کیا ہے۔ یہ لوگ گھرسے بے گھر ہیں لیکن ہمیں ان کی امید کو ختم نہیں کرنا۔

https://twitter.com/TheMahiraKhan/status/1141589706234220544

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کی خیرسگالی سفیر برائے مہاجرین پریانکا چوپڑا نے بھی سوشل میڈیا پر مہاجرین بچوں کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سچ ہے کہ اس دنیا کا مستقبل آج کے بچوں کے ہاتھ میں ہے لیکن ایک کڑوا سچ یہ بھی ہے کہ معصوم بچوں کی ایک پوری نسل اپنا مستقبل جانے بغیر بڑی ہورہی ہے، یہ بچے دنیا کے مختلف خطوں میں قدرتی آفات، تشدد اورتضادات کے باعث اپنے گھروں سے بے گھر ہیں، ہمیں ان کے لیے کھڑا ہونا ہے یہ ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔