پاکستانی ہیکر نے درجنوں بھارتی فوجی افسران کے کمپیوٹرز ہیک کیے

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2019
پاکستانی ہیکر نے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے بھارتی فوجی افسران سے دوستیاں کرکے ان کے کپیوٹرز ہیک کرلیے (فوٹو: فائل)

پاکستانی ہیکر نے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے بھارتی فوجی افسران سے دوستیاں کرکے ان کے کپیوٹرز ہیک کرلیے (فوٹو: فائل)

نئی دہلی: ایک پاکستانی ہیکر نے 2015ء سے 2018ء کے دوران بھارتی فوج اور حساس اداروں کے درجنوں کمپیوٹرز ہیک کرلیے تھے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سجل کپور کے نام سے پاکستانی ہیکر کے بارے میں رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا کہ کس طرح ایک پاکستانی ہیکر نے درجنوں بھارتی فوجی افسران کو بے وقوف بنایا۔ پاکستانی آئی ٹی ماہر نے سجل کپور کے نام سے فیس بک پر اکاؤنٹ بنایا اور بھارتی فوجی افسران سے دوستیاں کرنی شروع کردیں۔ پھر اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے بھارتی افسران کے کمپیوٹرز کا شکار کیا۔

اس گمنام پاکستانی ہیکر نے سجل کپور کے نام سے تصاویر اور ویڈیوز بھارتی فوجی افسران کو بھیجیں جن کے ذریعے اس نے ان کے کمپیوٹرز میں وائرس اور مال ویئرز داخل کرکے ان کے سسٹم میں موجود حساس معلومات چرالیں جن میں بھارتی کے اعلیٰ ترین میزائل براہموس کی انتہائی خفیہ معلومات بھی شامل تھیں، جنہیں لیک کرنے کے جرم میں بھارتی فوج نے گزشتہ سال اپنے انجینئر نشانت اگروال کو گرفتار کرلیا تھا۔

ہیکر نے اس کام کے لیے دو سوفٹ ویئرز ’وہسپر‘ اور ‘گریویٹی ریٹ‘ کو استعمال کیا اور پاکستان کی بجائے کسی اور ملک کے سرورز کے ذریعے یہ کام سرانجام دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ نامعلوم جاسوس 3 سال تک کامیابی سے جاسوسی کی کارروائیاں کرتا رہا اور اس نے دفاعی افواج اور تنظیموں کے 98 افسران کو نشانہ بنایا جن میں بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی فورسز اور پولیس شامل ہے۔

انجینئر نشانت اگروال کی گرفتاری کے بعد جب تحقیقات کی گئیں تو سجل کپور کے نام سے کام کرنے والے اس جاسوس کا انکشاف ہوا تاہم وہ ان کی گرفت سے بہت دور کہیں موجود تھا اور بھارتی حکام سوائے سر پیٹنے کے کچھ نہ کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔