وینا ملک آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر بھڑک اُٹھیں

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2019
پاکستان میں آج بھی غریب کیلئے الگ اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے، وینا ملک۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں آج بھی غریب کیلئے الگ اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے، وینا ملک۔ فوٹو: فائل

 کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ وینا ملک پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر بھڑک اُٹھیں۔

وینا ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال تک ہمارے پیارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کو جن چوروں ڈاکوؤں اور غداروں نے لوٹا آج ان کو پروڈکشن آرڈرز کے ذریعے اسمبلی میں بلایا جارہا ہے، جناب اسد قیصر قوم کے ٹیکس کے پیسے سے چلنے والی اسمبلی میں چوروں کو بلا کر آپ ہمیں مایوس کررہے ہیں۔

وینا ملک نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیئر خان صاحب یہ قوم صرف اس امید پر بھوکی سوتی رہی ہے کہ ایک دن عمران خان وزیر اعظم بنے گا اور پھراس قوم کو لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا مگر قوم کو لوٹنے والوں کو پھر سے اسمبلیوں میں بلایا جا رہا ہے قوم آپ کے ساتھ ہے ان کا تگڑا احتساب کریں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں آج بھی غریب کیلئے الگ اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہے۔غریب روٹی چوری کرتا پکڑا جائے تو پوری عمر جیل میں گزارنی پڑتی ہے مگر جن کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے روٹی چوری کرنے پر مجبور ہوتا ہے ان کی پروڈکشن آرڈرز کے ذریعے آنیاں جانیاں لگی رہتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔