ٹویٹ پر فیصلے نہیں ہوتے، بولنگ کا فیصلہ مشترکہ تھا، محمد حفیظ

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 21 جون 2019
بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، ابھی موقع موجود ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، ابھی موقع موجود ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، آل راؤنڈر۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان ٹیم کے سینئر آل رائونڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹویٹ دیکھ کر فیصلے نہیں کیے جاتے جب کہ بھارت کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ مشترکہ تھا۔

لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹویٹ دیکھ کر فیصلے نہیں کیے جا سکتے، بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ ٹیم کا مشترکہ تھا لیکن اچھی بولنگ نہیں کرسکے، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، بری پرفارمنس کا ہر کوئی ذمہ دار ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی شکست کیلیے میدان میں نہیں اترتا اور بھارت سے ہار کا اتنا ہی دکھ ہے جتنا کسی اور کو ہے، کھلاڑیوں پر ذاتی حملے کرنا ٹھیک نہیں،گزشتہ چند روز بہت زیادہ مایوس کن اور تکلیف دہ تھے لیکن اب بطور ٹیم اگلے چیلنج کی تیاری کر رہے ہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ہوں یا شعیب ملک سب ٹیم کی بہتری کیلیے کھیلتے ہیں،آل رائونڈر کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن وہ مثبت انداز میں تیاری کر رہے ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم کو نیچے دیکھے کر بہت تکلیف ہوتی ہے لیکن ٹورنامنٹ میں اب بھی موقع باقی ہے، اگلے میچز میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

ایک سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ جب ہارتے ہیں تو گروپنگ کی باتیں ہوتی ہیں جو فضول ہیں، ٹیم جیت جاتی ہے تب کوئی گروپنگ کی بات نہیں کرتا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم اور سابق کپتان عمران خان نے اپنی ٹوئیٹ میں قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ میں پہلے بیٹنگ کا مشورہ دیا تھا لیکن سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے باوجود بولنگ کو ترجیح دی اور بھارتی ٹیم نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔