پروٹیز سے سیریز کی تیاریوں کا آئیڈیل موقع مل گیا، یونس

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 6 ستمبر 2013
ہرارے ٹیسٹ: دوسری اننگز میں یونس خان نصف سنچری مکمل کرنے پر داد کا جواب دے رہے ہیں۔  فوٹو: اے ایف پی

ہرارے ٹیسٹ: دوسری اننگز میں یونس خان نصف سنچری مکمل کرنے پر داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ہرارے: یونس خان نے تعریفوں کے پل باندھ کر زمبابوین بولرز کو آسمان پر پہنچا دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ حالیہ ٹور سے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کی تیاریوں کا آئیڈیل موقع مل گیا، یہاں حاصل شدہ تجربہ ورلڈ نمبر ون سے نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق ہرارے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یونس خان نے ناقابل شکست 76 رنز بنا کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، وہ میزبان بولرز کی کارکردگی سے خاصے متاثر نظر آتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زمبابوے نے بہترین بولنگ کر کے ہمیں مشکلات کا شکار کیا،اس سے یقینی طور پر یو اے ای میں شیڈول سیریز کی تیاریوں کا اچھا موقع ملا،انھوں نے کہا کہ ہرارے کی پچ بہت اچھی مگر میزبان بولرز نے ہمارے لیے رنز اسکور کرنا مشکل بنا دیا۔

یونس خان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ صبر وتحمل سے کھیلنے کا نام ہے، نوجوان پلیئرز بعض اوقات ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے طویل دورانیے کے مقابلوں میں آتے ہیں، انھیں سیکھنے کی ضرورت ہے، یہ میرے اور مصباح الحق جیسے سینئرز کا کام ہے کہ ان کی مدد کریں اور ہم یہاں اس کیلیے موجود ہیں، اسی طرح ہم ٹیسٹ کرکٹ متواتر نہیں کھیل رہے، آخری بار تقریباً 6 ماہ قبل ہم نے اس طرز کے میچ میں حصہ لیا تھا، سیکھنے کیلیے آپ کو تسلسل سے کھیلنا پڑتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں کرکٹ کی ضرورت تھی اور ہم زمبابوے میں کھیل کر لطف اندوز ہو رہے ہیں، مختصر طرز کی طرح ٹیسٹ میں بھی فتح کی امید ہے، ہرارے میں 200 سے300 قابل دفاع اسکور ہو گا۔ یونس خان نے امید ظاہر کی کہ اختتامی وقت میں پچ زیادہ ٹرن لے گی۔ دوسری جانب زمبابوین قائد ہیملٹن مساکیڈزا نے کہا کہ ٹیم 250 تک کے ہدف کا تعاقب کر لے گی، انھوں نے پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو اصل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلیے ہم نے منصوبہ تیار کر لیا ہے، چند پلیئرز سوئپ شاٹس جبکہ دیگر ہر ممکن طور پر اسٹریٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، انھوں نے اپنے بولرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کیلیے اچھی پچ پر ہماری بولنگ بہترین رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔