عدالت نے نیب کو شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری کی جیل میں تعمیل کی اجازت دیدی

کورٹ رپورٹر  اتوار 23 جون 2019
پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ موجود ہیں کہ عدالت این او سی دینے کی پابند ہے۔ فوٹو:فائل

پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ موجود ہیں کہ عدالت این او سی دینے کی پابند ہے۔ فوٹو:فائل

کراچی: احتساب عدالت نے جیل میں قید سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی گرفتاری اور تفتیش سے متعلق نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری کی جیل میں تعمیل کی اجازت دے دی۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا آپ جیل میں بھی تو شرجیل میمن سے تفتیش کرسکتے ہیں، پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ جیل حکام نے تفتیش کرنے سے روک دیا ہے، جیل حکام کا کہنا ہے کہ آپ عدالت سے حکم نامہ لے کر آئیں، شرجیل میمن کے دوسری تحقیقات میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ، ہمیں صرف اجازت دے دی جائے کہ شرجیل میمن سے وارنٹ کی تعمیل کرالی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے شرجیل میمن عدالت نمبر ایک کی کسٹڈی میں ہے جو چھٹیوں پر ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ یہ عدالت نمبر 3ہے کیسے اجازت دیں۔

پراسیکیوٹر نیب نے موقف اپنایا کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ موجود ہیں کہ عدالت این او سی دینے کی پابند ہے، ہمارے پاس عدالت کی اجازت کے بغیر شرجیل میمن سے جیل میں تفتیش کا اختیار نہیں ، اگر تفتیشی افسر نے عدالت کی اجازت کے بغیر شرجیل سے تفتیش کی تو وہ غیر قانونی ہوجائے گی، عدالت سے استدعا ہے کہ شرجیل میمن کو جیل سے حراست میں لینے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے جیل میں قید سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی گرفتاری اور تفتیش سے متعلق نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے صرف وارنٹ گرفتاری کی جیل میں تعمیل کی اجازت دیدی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔