پاکستان نے بھارت سے شکست کو پس پشت ڈال دیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 جون 2019
باہمی سیریز کی شکست اہمیت نہیں رکھتی،مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ فوٹو : فائل

باہمی سیریز کی شکست اہمیت نہیں رکھتی،مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ فوٹو : فائل

لندن: پاکستان نے بھارت سے ہارکی مایوسی کو پس پشت ڈال دیا تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے ورلڈ کپ میں نئے سفر کا آغاز کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ سے میچ میں فتح کے ذریعے ایونٹ میں واپسی کیلیے ذہنی طور پر تیار ہے، کپتان سرفراز احمد نے واضح کیاکہ بھارت کے ہاتھوں شکست کے اثرات ٹیم کی باقی مہم پر نہیں پڑیں گے، ماضی کو پس پشت ڈال کر ٹیم آگے کی جانب بڑھے گی۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ مقابلے کے بعد اب ہر چیز بہتر ہوچکی ہے، وہ ناکامی ہمارے لیے بہت مشکل تھی، ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو 2 دن کا آرام دیا اور 3 دن سے سخت پریکٹس کررہے ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ جب آپ بھارت سے ورلڈ کپ میچ ہاریں تو پھر نفسیاتی طور پر کپتان پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے، لوگ سوچتے ہیں کہ ہمیں شکست ہوگئی مگر ورلڈ کپ میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا، ہم سب بہتر حالت میں موجود اورخود کو حوصلہ بھی دے رہے ہیں، امید ہے کہ کم بیک کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ ہمارے حوصلے بدستور بلند ہیں، ٹورنامنٹ بھی اب اوپن ہوچکا، ٹیم کے پاس موقع موجود اور ہم ایک ایک میچ پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے آگے بڑھیں گے، ہم جنوبی افریقہ کو شکست دینے کیلیے پُرامید ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز پر دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں پروٹیز 3-2 سے فاتح رہے تھے، اس حوالے سے سرفرازنے کہاکہ باہمی سیریز ورلڈ کپ سے کافی مختلف ہوتی ہے، ہم نے تب بھی اچھی کرکٹ کھیلی تاہم بدقسمتی سے جیت نہیں پائے تھے، مگر اس بار کامیابی کی پوری کوشش کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔