سرفراز احمد کی ڈانٹ،ٹیم میں کشیدگی کم ہونے لگی

سلیم خالق  اتوار 23 جون 2019
شعیب کوڈراپ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردیاگیا،ون ڈے کیریئرکا بظاہر اختتام۔ فوٹو:فائل

شعیب کوڈراپ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کردیاگیا،ون ڈے کیریئرکا بظاہر اختتام۔ فوٹو:فائل

کراچی: سرفراز احمد کی ڈانٹ کے بعد ٹیم میں پیدا ہونے والی کشیدگی کم ہونے لگی جب کہ کھلاڑی معمول کے مطابق ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے ہیں۔

بھارت سے اہم میچ میں شکست پر کپتان سرفراز احمد ساتھی کھلاڑیوں پر برس پڑے تھے، انھوں نے  بعض  کرکٹرز پر گروپنگ کا الزام بھی عائد کر دیا تھا، سرفراز کی ڈانٹ سے ٹیم کا ماحول کشیدہ ہو گیا تاہم اب  بظاہر معاملات بہتر دکھائی دے رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ  کپتان اور پلیئرز ایک دوسرے سے معمول کی طرح بات چیت کر رہے ہیں، بظاہر ایسا محسوس نہیں ہوتاکہ کسی نے ڈانٹ کودل پر لیا، نیٹ پریکٹس کے دوران ہنسی مذاق کا سلسلہ بھی جاری رہا،گذشتہ روز ٹیم میٹنگ میں سرفراز نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ ’’وہ سابق کرکٹرز اور میڈیا کی تنقید کو بھول کر صرف اپنی کارکردگی پرتوجہ دیں، بقیہ چاروں میچز میں فتح کیلیے بھرپور کوشش کریں، اب بھی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر سکتی ہے لہذا ہمت نہ ہاریں‘‘۔

دوسری جانب شعیب ملک کو ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ہی آگاہ کر دیا کہ انھیں جنوبی افریقہ سے میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گااس کے باوجود وہ پریکٹس میں جان لڑاتے نظر آئے،آل راؤنڈر ایک برس پہلے ہی اعلان کر چکے تھے کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے اس لیے بظاہر وہ پاکستان کیلیے اپنا آخری ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بھی گذشتہ دنوں سرفراز احمدکو فون کر کے حوصلہ بڑھایا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔