شام پر حملے سے خطہ سنگین تنازع کا شکار ہو جائیگا، دفتر خارجہ

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 6 ستمبر 2013
پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں ٹریک ٹو ڈپلومیسی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔   فوٹو : فائل

پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں ٹریک ٹو ڈپلومیسی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ شام پر کسی فوجی حملے سے کشیدگی کا شکار خطہ ایک سنگین تنازعے کا شکار ہو جائے گا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان طاقت کے استعمال کا مخالف ہے۔ انھوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسئلے کے پرامن حل کیلیے شام کے لوگ مذاکرات کریں۔ پاکستان کسی بھی فریق کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔

پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں واشنگٹن پوسٹ کی خبر کی تردید کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کی طرف سے مقرر کیے گئے معیارات پر بہترین انداز میں کاربند ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی میں ٹریک ٹو ڈپلومیسی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارت کی طرف سے باربارلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی نے امن عمل کو متاثر کیا ہے اور امید ہے کہ جلد با مقصد مذاکراتی عمل شروع ہو جائے گا۔آئی این پی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔