سری لنکا میں بدھ انتہا پسند رہنما کی مسلمانوں کو سنگسار کرنے کی دھمکی

ویب ڈیسک  اتوار 23 جون 2019
تازہ مسلم کش فسادات کی متاثرہ خاتون اپنا جلا ہوا گھر اور موٹر سائیکل دکھا رہی ہیں۔ فوٹو : رائٹرز

تازہ مسلم کش فسادات کی متاثرہ خاتون اپنا جلا ہوا گھر اور موٹر سائیکل دکھا رہی ہیں۔ فوٹو : رائٹرز

کولمبو: سری لنکا میں بدھ انتہا پسند رہنما نے مسلمان ڈاکٹر پر بدھسٹ خواتین کو ماں بننے کی صلاحیت سے محروم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ردعمل کے طور پر مسلمانوں کو سنگسار کرنے کی دھمکی دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ مت رہنما کی جانب سے بے سروپا الزام لگانے کے  بعد سے سری لنکا میں مسلمان شہریوں کو بدھ مت کے شدت پسند پیروکاروں کی جانب سے جانوں کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

بدھ مت رہنما ’وراکاگوڈا سری گناناراتھانا تھیرو‘ نے پیروکاروں کو مسلمانوں کو سنگسار کرنے اور تشدد پر اکساتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک مسلمان ڈاکٹر نے 4 ہزار سے زائد بدھسٹ خواتین کو ماں بننے کی صلاحیت سے محروم کیا۔

بدھ مت رہنما نے پیروکاروں کو مسلمان کے ریستورانوں اور دکانوں کے بائیکاٹ کی ہدایت کرتے ہوئے مضحکہ خیز الزام عائد کیا کہ مسلم ریسٹورینٹس میں بدھ متوں کو ایسا کھانا کھلایا جاتا ہے جس کے کھانے سے بدھسٹ خواتین بچے پیدا کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوجائیں گی۔

’وراکاگوڈا سری گناناراتھانا تھیرو‘ نے مسلمانوں کو سنگسار کرنے کی اپنی دھمکیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری زاتی رائے نہیں بلکہ مسلمان ڈاکٹر کے ہاتھوں متاثرہ بدھ مت خواتین کا مطالبہ ہے۔

واضح رہے کہ ایسٹر تہوار کے موقع پر چرچوں اور ہوٹلوں پر خود کش دھماکوں میں 250 افراد کی ہلاکت کے بعد سری لنکا میں مسلمانوں کے لیے زمین تنگ ہوگئی تھی اور مسلم آبادیوں پر سب سے زیادہ حملے شدت پسند بدھسٹ کی جانب سے کیے گئے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔