برطانوی وزیر کی خاتون کے ساتھ ناروا سلوک کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 23 جون 2019
وزیراعظم تھریسامے نے وزیر مملکت کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔ فوٹو : ویڈیو گریب

وزیراعظم تھریسامے نے وزیر مملکت کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔ فوٹو : ویڈیو گریب

 لندن: خواتین کے حقوق کے لیے دھواں دھار تقریریں کرنے والے برطانوی وزیر مملکت مارک فیلڈ نے ایک تقریب کے دوران احتجاج کرنے والی خاتون کو گردن سے پکڑ کر باہر نکال دیا جس کی ویڈیو اب وائرل ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مینشن ہاؤس میں ایک باوقار تقریب جاری تھی جس میں شرکاء کے لیے پُر تکلف طعام کا بھی انتظام تھا۔ تقریب میں ایک وزیر تقریر کر رہے تھے کہ ماحولیات کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کی خاتون ورکر اندر داخل ہوئیں۔

خاتون سماجی کارکن ڈائس کی جانب بڑھ رہی تھیں کہ کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت خارجہ برائے ایشیا و پیسیفک مارک فیلڈ نے خاتون کو بازو سے پکڑ کر روک لیا اور پھر گردن دبوچ کے خاتون کو تقریب سے باہر نکال دیا اور سیکیورٹی کے حوالے کردیا۔

مینشن ہاؤس کے باہر موجود سماجی کارکنان نے وزیر مارک فیلڈ کی غیر اخلاقی حرکت کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے وزیراعظم تھریسامے سے مذکورہ وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے مارک فیلڈ کو معطل کردیا۔

دوسری جانب مارک فیلڈ نے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خاتون مسلح بھی ہوسکتی تھیں اور اسی اندیشے کی وجہ سے میں نے انہیں پکڑ کر باہر نکالا تاہم اپنے رویے پر نادم ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔